کشمیر، سردی کا 38سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، دریاجھیلیں منجمد
رپورٹنگ،مظفرآباد سیف الاسلام، وادی نیلم صدام حسین۔
پاکستان اور بھارت کے زیر انتظام جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے اکثر علاقوں میں رات اور دن کے وقت درجہ حرارت نقظہ انجماد سے گرا ہوا ہے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں 38 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی غیر معمولی سردی سے دریا اور جھیلیں منجمد ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی وادی نیلم میں سب سے ذیادہ سردی پڑ رہی ہے جہاں کے آخری کنٹرول لائن پر واقع گاؤں تاؤبٹ میں درجہ حرارت منفی 22 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا وادی نیلم کے علاقہ کیل میں منفی 10 شاردا منفی 7 اٹھمقام منفی 2 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شدید سردی سے وادی نیلم کے علاقہ کیل کے قریب شروگی کے مقام پر دریائے نیلم کے بڑے حصے کے اوپر کورے کی موٹی تہہ جم گئی ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بھی شدت کی سردی پڑ رہی ہے جہاں درجہ حرارت منفی 1 سینٹی گریڈ سے نیچے گر گیا ہے جبکہ شہر ان دنوں شہر سموگ کی لپیٹ میں ہے فضا میں گرد و غبار کی وجہ سے سورج کی انتہائی کم روشنی زمین تک پہنچتی ہے خشک سردی اور گرد و غبار کی وجہ سے موسمی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ماہ دسمبر میں بارش کا کوئی امکان نہیں بارش نا ہونے کی وجہ سے خشک سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا۔ وادی نیلم ضلع باغ ،راولاکوٹ اور ضلع حویلی کے بالائی علاقوں میں بھی رات ہی نہیں دن کے وقت بھی پارہ نقظہ انجماد سے گرا ہوا ہے۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر سردی کا 38 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں شدید سردی کا 38 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا، ریاستی دارالحکومت سری نگر میں دسمبر درجہ حرارت منفی 9 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے قبل سرینگر میں 1986 میں 31 دسمبر کی رات منفی 8 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ اس سے بھی قبل 13 دسمبر 1934 کو درجہ حرارت منفی 12.8 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پہلگام اور قاضی گنڈ میں بھی درجہ حرارت منفی 8.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شدید سردی کے ساتھ ہے وادی میں چلہ کلا یعنی چالیس دن کے شدید سرد موسم کا آغاز ہو گیا۔
گلگت بلتستان بھی ان دنوں شدید سردی کے لپیٹ میں جہاں کے تقریبآ تمام علاقوں میں پارہ منفی میں گرا ہوا ہے گلگت میں منفی 8 سینٹی گریڈ جبکہ اسکردو میں منفی 11 تک گر ہوا ہے ۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقہ کرگل لداخ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جہاں سردی کی شدت سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہا گیا ہے