کشمیر اسمبلی، پاکستان کے حق میں دو اہم قرارداد منظور
مظفرآباد، سیف الاسلام (کی نیوز)
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی اسمبلی میں پاکستان کے حق میں دو اہم قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی ہیں ایک قرارداد امریکہ کی طرف سے پاکستان کے میزائیل پروگرام پر پابندیاں لگانے جبکہ دوسری قرار داد یکم جنوری 2025 سے پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دو سال کیلئے غیر مستقل رکن بننے پر مبارک باد کی ہے
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں دونوں قراردادیں سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی جانب سے جمع کرائی گئی تھیں جن کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی پابندیوں کے خلاف قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا میزائل پروگرام اپنے دفاع اور ہندوستان کے مذموم مقاصد کو روکنے کے لیے ہے امریکی حکومت پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کو جارحانہ حکمت قرار دے کر اپنے لیے خطرہ قرار دے رہی ہے۔
قرار داد میں مزید کہا گیا کہ امریکہ ہندوستانی لابی کے زیر اثر غیر منصفانہ اور یکطرفہ اقدامات اٹھا کر برصغیر میں توازن کو ہندوستان کے حق میں تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیتا ہے۔
دوسری قرار داد میں یکم جنوری 2025 سے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا دو سال کیلئے غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر حکومت پاکستان اور عوام کو مبارکباد دی گئی ہے قرار داد میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر اقوام متحدہ کی 13 اگست 1948 کی قراردادوں پر عملدر آمد کرانے کیلئے ہر ممکنہ کردار ادا کرے گا جو کشمیریوں کو رائے شماری کے زریعہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیتی ہیں