کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کے قافلے پر فائرنگ دو کارکن ذخمی
مظفرآباد( نیوز)
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ سے دو کارکنان ذخمی ہو گئے ہیں۔
سپیکر اسمبلی اپنے حلقہ انتخاب کے علاقہ ککلیوٹ میں ایک تقریب میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ راستے میں مخالف سیاسی جماعت کے کارکنان نے فائرنگ کر دی۔
چوہدری لطیف اکبر نے ٹیلی فون پر میڈیا سے گفتگو میں فائرنگ کے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کو کئی روز سے سوشل میڈیا پر دھمکیاں مل رہی تھیں تین روز قبل انتظامیہ کو اس بارے آگاہ بھی کر دیا تھا کہ مخالف سیاسی جماعت کے لوگوں کی طرف سے دھمکیاں دیجا رہی ہیں
اتوار کے روز چوہدری لطیف اکبر نے آزادی چوک میں ایک جلسہ عام سے خطاب بھی کیا جس کے بعد وہ اپنے حلقہ انتخاب میں ایک پروگرام میں شرکت کیلئے جا رہے تھے جہاں ان کی جماعت پیپلز پارٹی میں مخالف جماعت مسلم کانفرنس کے کئی افراد شریک ہورہے تھے جس کی وجہ سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا
کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھگڑا ہوا ہے پولیس اور انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی ہے دونوں فریقین سے رابطے میں ہے جلد اس معاملہ کا حل نکال لیا جائے گا
دریں اثنا پیپلز پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت جاوید میر اور دیگر رہنماؤں نے ہنگامی پریس کانفرنس میں حکومت کو الٹی میٹم دیا ہے کہ فائرنگ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا