ٹرمپ کی حکومت پاکستان اور کشمیر کیلئے خیر کی خبر نہیں
مظفرآباد(کی نیوز)
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا ہے کہ آزاد خطے کی حکومت ( پاکستان کے زیر انتظام کشمیر) کو مہاراجہ کشمیر کی متبادل حکومت کے طور پر مان لیا جائے تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ اور اس سے پاکستان پر دباؤ بھی ختم ہو جائے گا۔
الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کی تنظیم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کم سے کم اتفاق رائے شماری پر ہے اور رائے شماری ہی واحد ایجنڈہ ہے جس پر سب اکھٹے ہوں گے۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے پیدا کر ے کیلئے فروری کے مہینے میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک کانفرنس بلائی جا رہی ہے۔
راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں نئی حکومت کا قیام پاکستان اور کشمیر کیلئے خیر کی خبر نہیں ۔ بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال کا توڑ کرنے کیلئے سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کیلئے نئی پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔