کشمیر، حکومت نے حادثات کی روک تھام کیلئے ہدایات جاری کردیں۔
مظفرآباد، محمد زبیر عارفی(کی نیوز)
پہاڑی علاقوں میں آئے روز ہونے والے ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سرکاری ادارہ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سیاحوں اور مقامی مسافروں کیلئے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں سیاحوں کو پہاڑی اور شدید سرد برفانی علاقوں میں سفر سے متعلق ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی، بالائی علاقوں میں صبح و شام شدید سردی کی وجہ سے کہر/کورا پڑ نے سے سڑکوں پر بہت زیادہ پھسلن ہے اس لئے سیاح اور مقامی مسافر صبح اور مغرب کے بعد کے اوقات میں سفر سے اجتناب کریں۔
بالائی نیلم، حویلی، لیپہ، پیر چناسی ، تولی پیر، گنگا چوٹی و دیگر پہاڑی علاقوں میں صبح و شام کے اوقات میں سفر کرنا کسی بھی بڑے حادثے کا باعث بن سکتا ہے سیاح پہاڑی علاقوں میں سفر سے قبل متعلقہ اداروں سے سڑکوں سے متعلق معلومات حاصل کریں پہاڑی علاقوں میں فور بائے فور گاڑی سے سفر کریں۔ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سیاحوں کی سہولت کیلئے رابطہ نمبرز بھی جاری کر دیئے ہیں جن پر فون کرکے موسم اور سڑکوں کی صورتحال کی معلومات لیجا سکتی ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی وادی نیلم میں سیاحت کی غرض سے لاکھوں سیاح علاقے میں آتے ہیں پہاڑی علاقوں میں ڈرائیونگ کا تجربہ نا ہونے اور سڑکوں کی خرابی کی وجہ سے حادثات پیش آتے ہیں گزشتہ بارہ دنوں کے دوران صرف وادی نیلم میں تین مختلف حادثات میں 11 لوگ جاں بحق ہو چکے جن میں سے ذیادہ غیر مقامی اور سیاح تھے۔